خواتین ٹی ٹوئنٹی: آسٹریلیا عالمی چیمپئن

ویسٹ انڈیز میں خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نیوزی لینڈ کو تین رنز سے ہرا کر عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔

Image caption آسٹریلیا کی کپتان بلیک ویل ٹی ٹوئنٹی کپ کی ٹرافی وصول کرتے ہوئے

اتوار کو باربڈوس میں ڈے اینڈ نائٹ فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو آٹھ رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کی ایک سو آٹھ رنز کی اننگز میں پولٹن بیس رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سکور کرنے والی کھلاڑی رہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بالر براؤن اور ڈی وائن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک سو نو رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تین رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیوائن نے اڑتیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

Image caption آسٹریلیا کی بالر پیری نے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی ٹھہریں

میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے چودہ رنز درکار تھے اور اس کی چار وکٹیں باقی تھیں تاہم آسٹریلیا کی بالر پیری کی جانب سے عمدہ بالنگ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی بلے باز صرف دس رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں اور فائنل میچ تین رنز سے ہار گئی۔

یوں آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین رنز سے جیت کر خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی چیمپئن بن گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بالر پیری جنھوں نے میچ کا آخری اوور کروایا تھا تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بالر رہیں۔

اس سے پہلے اسی گراونڈ میں کھیلے جانے والے مردوں کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال انگینڈ کی خواتین ٹیم ٹی ٹوئنٹی کپ جیتی تھیں۔

اسی بارے میں