خواتین ہاکی: تھائی لینڈ کا دورہ منسوخ

تھائی لینڈ میں سکیورٹی کی مخدوش صورتِ حال کے پیشِ نظر پاکستانی خواتین ہاکی ٹیم کا بنکاک کا دورہ منسوخ کردیا گیاہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے یہ فیصلہ تھائی لینڈ میں سکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر بنکاک میں پاکستانی ہائی کمیشن سے صلاح مشورے کے بعد کیا ہے جس کا خیال ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیم کا دورہ مناسب نہیں۔

کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین ہاکی ٹیم کو بنکاک میں اکیس سے تیس مئی تک ہونے والے ایشین گیمز کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینا تھا اور وہ منگل کی شب بنکاک روانہ ہونے والی تھی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا اور خواتین ونگ کی سیکریٹری تنزیلہ عامر نے ٹیم کو بنکاک نہ بھیجنے کے بارے میں پی ایچ ایف کی خواتین ونگ کی چیئرپرسن خوش بخت شجاعت سے بھی بات کی ۔

تنزیلہ عامر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلامتی سے بڑھ کر اور کوئی بات نہیں ہوسکتی یقیناً یہ مایوس کن صورتحال ہے لیکن کھلاڑیوں کو مستقبل میں کھیلنے کے زیادہ بہتر مواقع ملیں گے۔

پاکستان کے علاوہ سری لنکا نے بھی اپنی خواتین ٹیم کو بنکاک بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔