فٹبال عالمی کپ، سٹیڈیم تیار

جنوبی افریقہ میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کے فائنل کے لیے بنائے گئے سٹیڈیم کے افتتاحی میچ کو چوہتر ہزار لوگوں نے دیکھا۔

سوکر سٹی

فٹبال کے عالمی مقابلوں سے تین ہفتے قبل ’سوکر سٹی‘ نامی سٹیڈیم کی مرمت کے بعد جنوبی افریقہ کپ کا فائنل کھیلا گیا۔

اس فائنل میں جنوبی افریقہ کی دو چھوٹی ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں لیکن میچ کے ٹکٹ بہت پہلے فروخت ہو چکے تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رش کی وجہ سے میچ تیس منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔سٹیڈیم جسے کالاباش بھی کہتے ہیں افریقہ میں فٹبال کا سب سے بڑا میدان ہے۔

عالمی مقابلوں کے لیے سٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش پچانوے ہزار تک ہو گی لیکن اس پہلے میچ کے لیے کم ٹکٹیں فروخت کی گئی تھیں۔

ملک کے صدر جیکب زوما نے سٹیڈیم کا اففتاح کیا۔ یہ عالمی مقابلوں کے لیے تیار ہونے والے دس میدانوں میں سے تیار ہونے والا سب سے آخری میدان تھا۔

اس سال پہلی بار فٹبال کے عالمی مقابلے بر اعظم افریقہ میں ہو رہے ہیں۔ مقابلوں کے لیے تیس لاکھ ٹکٹ رکھے گئے تھے جن میں سے پچیس لاکھ فروخت ہو چکے ہیں۔ دس لاکھ سے زیادہ ٹکٹ جنوبی افریقہ کے شہریوں نے خریدے۔