’کھلاڑی ٹوئٹر استعمال نہیں کر سکتے‘

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ انگلش فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں پر فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ٹوئٹر یا فیس بک پر تبصرہ کرنے یا اخبارات کے لیے مضمون لکھنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران صرف ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر ہی اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں گے۔

فٹبال کا عالمی کپ گیارہ جون سے جنوبی افریقہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اپنا پہلا میچ بارہ جون کو امریکہ، دوسرا اٹھارہ جون کو الجیریا جبکہ تیسرا تیئیس جون کو سلوانیہ کے خلاف کھیلے گا۔

ہسپانوی کوچ پہلے ہی اپنی ٹیم کے سماجی روابط کی ویب سائٹس کے استعمال پر پابندی لگا چکے ہیں۔ ہسپانوی فٹبال کے ایک عہدیدار کے مطابق ٹیم کے کوچ ’توجہ بٹانے کا کوئی سامان نہیں چاہتے‘۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد فٹبال کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ موجود ہیں اور ان کھلاڑیوں کی جانب سے اس کے غلط استعمال کے چند واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔

ایسے ہی ایک واقعے میں جولائی 2009 میں انگلش ٹیم کے سٹرائیکر ڈیرن بینٹ کو ٹوٹنھم کے چیئرمین پر الزام تراشی کے بعد معافی مانگنی پڑی تھی۔

حال ہی میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے برازیلی فٹبالر کاکا نے کہا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کروا دیں گے۔ انہوں نے یہ بات ہسپانوی میڈیا میں یہ خبریں آنے کے بعد کہی تھی، جن کے مطابق کاکا کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو میچ کے دوران زیادہ دیر نہ کھلانے پر ٹیم کے کوچ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اسی بارے میں