سہ ملکی سیریز: سری لنکا کی شاندار فتح

سری لنکا کی طرف سے تلکارتنے دلشان نے ساٹھ رنز بنائے زمبابوے میں جاری سہ ملکی کرکٹ سیریز کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے میزبان زمبابوے کی ٹیم کو نو وکٹوں سے ہرا دیا۔

سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کے زمبابوے کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بارش اور خراب موسم کی بنا کر میچ کو چھبیس اوور تک محدود کر دیا گیا تھا۔ تاہم زمبابوے کی ٹیم چھبیس اوور بھی نہ کھیل سکی اور صرف چوبیس اعشاریہ پانچ اووروں میں ایک سو اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

زمبابوے کی صرف سے اوپنر ہِملٹن ماساکدزہ باسٹھ رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھی سری لنکا کی بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم ایک سو اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی طرف سے سوراج راندِیو نے تین جبکہ فرنینڈو، بی اے ڈبلیو مینڈس اور بی ایم اے مینڈس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے مطلوبہ سکور صرف پندرہ اعشاریہ دو اووروں میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی طرف سے تلکارتنے دلشان نے ساٹھ رنز بنائے۔ سری لنکا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھرنگا تھے جو چالیس رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اب تک کے میچوں میں انڈیا، زمبابوے اور سری لنکا نے دو دو پوائنٹ حاصل کیے ہیں۔ تینوں ٹیموں کے درمیان ایک ایک اور میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد فائنل کھیلنے کے لیے دو ٹیموں کا فیصلہ ہوگا، جو نو جون کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں