زمبابوے نے انڈیا کو پھر ہرا دیا

برینڈن ٹیلر اور مساکادزا کی عمدہ بلے بازی کی بدولت زمبابوے نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے ایک میچ میں انڈیا کو سات وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں انڈیا کی زمبابوے کے ہاتھوں دوسری شکست ہے۔

میچ کا سکور بورڈ

ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر ایک سو چورانوے رن بنائے۔ بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

جڈیجا نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے اکیاون رنز کی اننگز کھیلی جبکہ زمبابوے کی جانب سے لیمب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایک سو پچانوے رن کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو ایک سو اٹھائیس رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس مستحکم آغاز کے بعد زمبابوے کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف باآسانی انتالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔

برینڈن ٹیلر زمبابوے کے ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے چوہتر رنز بنائے جبکہ دوسرے اوپنر مساکادزا چھیاسٹھ رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس ٹورنامنٹ میں اب تک زمبابوے تین میں سے دو میچ جیت کر نو پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جبکہ سری لنکا نے دو میچ کھیل کر پانچ اور بھارت نے تین میچ کھیل کر دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

اسی بارے میں