سٹوسر فرنچ اوپن کے فائنل میں

آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر اور اٹلی کی فرنچیسکا شیاوون فرنچ اوپن گرینڈ سلام ٹینس مقابلے کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

سٹوسر نے سیمی فائنل مقابلے میں فورتھ سیڈ سربیا کی جلینا جاکووچ کو سٹریٹ سیٹس میں چھ ایک اور چھ دو کے سکور سے شکست دی۔

برسبین سے تعلق رکھنے والی چھبیس سالہ سٹوسرگزشتہ برس فرنچ اوپن کے سیمی فائنل مقابلوں میں پہنچی تھیں۔

تاہم اس برس انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنلز میں جسٹن اینا آرڈن اور پھر کوارٹر فائنلز میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو شکست دی۔

دوسرے سیمی فائنل میں اٹلی کی فرنچیسکا شیاوون اس وقت کسی بھی گرینڈ سلام مقابلے کا فائنل کھیلنے والی پہلی اطالوی خاتون بن گئیں جب ان کی مدِ مقابل الینا دیمنتیوا نے مقابلے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

فرنچ اوپن میں خواتین کا فائنل مقابلہ سنیچر کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں