ندال اور سودرلنگ فرنچ اوپن فائنل میں

پیرس میں جاری فرنچ اوپن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کا فائنل مقابلہ عالمی نمبر دو رافیل ندال اور رابن سودرلنگ کے مابین کھیلا جائے گا۔

رافیل ندال نے سیمی فائنل میں اپنے کیرئر کا پہلے گرینڈ سلام سیمی فائنل کھیلنے والے جرگن میلزر کو شکست دی۔

دو گھنٹے نو منٹ تک جاری رہنے والا یہ مقابلہ ندال نے سٹریٹ سیٹس میں چھ دو، چھ تین اور سات چھ سے جیتا۔

اگر ندال اس بار فائنل میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو نہ صرف یہ ان کا پانچواں فرنچ اوپن اعزاز ہوگا بلکہ وہ ہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لیں گے۔

Image caption سودرلنگ لگاتار دوسری بار فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

ہسپانوی رافیل ندال کی فتح کی صورت میں راجر فیڈرر ایک ہفتے کی کمی سے امریکہ کے پیٹ سمپراس کا دو سو چھیاسی ہفتے تک عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہنے کا ریکارڈ بھی برابر نہیں کر پائیں گے۔

فائنل میں ندال کا مقابلہ سویڈن کے رابن سودرلنگ سے ہوگا جو لگاتار دوسری بار فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ سودرلنگ نے گزشتہ برس ندال کو چوتھے راؤنڈ میں شکست دینے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں انہیں راجر فیڈرر نے شکست سے دوچار کیا تھا۔

ففتھ سیڈ سودرلنگ نے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کے ٹامس پرڈچ کو تین گھنٹے ستائیس منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں چھ تین، تین چھ، پانچ سات، چھ تین اور چھ تین سے شکست دی۔

اسی بارے میں