زخمیوں کی فہرست میں نینی بھی شامل

پرتگال اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے فٹبالر نینی ہنسلی کی ہڈی پر چوٹ کی وجہ سے جمعہ سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

انہیں یہ چوٹ جنوبی افریقہ روانگی سے قبل لزبن میں تربیتی سیشن کے دوران لگی۔

پرتگالی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ طبی معائنے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے فٹ نہیں ہے‘۔

نینی نے ورلڈ کپ کے گیارہ کوالیفائنگ مقابلوں میں تین گول کیے تھے اور اب پرتگالی سکواڈ میں ان کی جگہ بینفیکا کلب کے مڈفیلڈر روبن ایمورم لیں گے۔

پرتگالی ٹیم اپنے دفاعی کھلاڑی پیپے کی صحتیابی کی بھی منتظر ہے۔ ریال میڈرڈ کے لیے کلب فٹبال کھیلنے والے پیپے نے گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے گزشتہ دسمبر سے کوئی میچ نہیں کھیلا۔

تاہم ان کے معالجیں اور کلب نے انہیں ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ جانے کی اجازت دے دی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ کس مرحلے پر ان مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔

پرتگال کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں ’گروپ آف ڈیتھ‘ سمجھے جانے والےگروپ جی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کے ساتھ برازیل، شمالی کوریا اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں ہیں۔

پرتگالی ٹیم اپنا پہلا میچ پندرہ جون کو آئیوری کوسٹ سے خلاف کھیلے گی۔

اسی بارے میں