پاکستان کی زبردست جیت

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ساٹھ گیندوں پر ایک سو چوبیس رنز بنائے ہیں سری لنکا میں ایشیا کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک سو انتالیس رن سے ہرا دیا ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو تین سو چھیاسی رن کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پچاس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چھیالیس رن ہی بنا سکی۔

دونوں ٹیمیں دو دو میچ ہار کر پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش کی طرف سے جنید صدیقی نے ستانوے اور امرل کیس نے چھیاسٹھ رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی نے چون گیندوں پر سنچری بنائی۔ وہ ساٹھ گیندوں پر سترہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ایک سو چوبیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ دو سو بہتر چھکے لگا کر ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔اس سے پہلے سری لنکا کے جے سوریا دو سو ستر چھکوں کے ساتھ سر فہرست تھے۔

پاکستان کی جانب سے بلے باز عمران فرحت اور شاہ زیب حسن نے اننگ کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اکیاسی رنز پر شاہ زیب کی گری جو پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عمران فرحت چھیاسٹھ اور عمر اکمل پچاس رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیق اسلام نے تین، شکیب الحسن نے دو اور عبدالرزاق نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے اس میچ میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔

سلمان بٹ۔شعیب ملک، محمد عامر اور سعید اجمل کی جگہ شاہ زیب حسن، اسد شفیق، عبدالرحمن اور محمد آصف کو موقع دیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شاہ زیب حسن، عمران فرحت، عمرامین، عمراکمل، اسد شفیق، شاہد آفریدی، کامران اکمل، عبدالرزاق، شعیب اختر، عبدالرحمن اور محمد آصف پر مشتمل ہے۔

بنگلہ دیشی ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں۔تمیم اقبال۔ امرل کائس۔ جنید صدیقی جہورالاسلام۔ شکیب الحسن۔ مشفق الرحیم۔ محمود اللہ۔ مشرفی مرتضی۔ شفیع الاسلام۔ عبدالرزاق۔ سہراودی شووو۔

اسی بارے میں