بھارت نے ایشیا کپ جیت لیا

بھارت نے سری لنکا کو اکیاسی رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔
دمبولا میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو فتح کے لیے 269 رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن پوری سری لنکن ٹیم پینتالیسویں اوور میں ایک سو ستاسی رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے کاپوگدیرا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ کاپوگدیرا نے پچپن رنز بنائے تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔
بھارت کی جانب سے اشیش نہرا نے چار، ظہیر خان اور رویندر جدیجا نے دو، دو جبکہ پراوین کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور دنیش کارتک اور روہت شرما کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ پچاس اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر دو سو اڑسٹھ رن بنائے۔دنیش کارتک نو چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد چھیاسٹھ کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ روہت شرما نے اکتالیس رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ سات جبکہ رویندر جدیجا پچیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے کندامبی اور مالنگا نے دو، دو جبکہ کولوسیکرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے نتیجے میں بھارت نے سری لنکا کی یہ ٹورنامنٹ جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل نہیں ہونے دی۔ سری لنکا کی ٹیم اس سے قبل سنہ 2004 اور سنہ 2008 کےگزشتہ دونوں ایشیا کپ جیت چکی ہے اور دونوں کے فائنلز میں اس کی کامیابیاں بھارت کے خلاف رہی ہیں۔
حالیہ ٹورنامنٹ میں بھی سری لنکا نے اپنے تینوں لیگ میچز جیتے جس میں بھارت کے خلاف سات وکٹوں کی کامیابی بھی شامل ہے جبکہ بھارت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست دی۔ پاکستانی ٹیم سری لنکا اور بھارت سے ہارکر فائنل سے باہر ہوگئی تھی۔
بھارتی ٹیم: مہندرسنگھ دھونی( کپتان)، گوتم گمبھیر، دنیش کارتک، روہیت شرما، سریش رائنا، ویرات کوہلی، رویندرا جدیجا، ظہیرخان، اشیش نہرا، پراوین کمار اور ہربھجن سنگھ۔
سری لنکن ٹیم: کمار سنگاکارا ( کپتان)، تلکارتنے دلشن، اپل تھارنگا، مہیلا جے وردھنے، کاپوگدیرا، اینجیلو میتھیوز، کندامبی، فرویز ماہروف، لستھ مالنگا، مرلی دھرن اور کولوسیکرا۔