مہندر سنگھ دھونی کی شادی ہوگئی

دھونی کی شادی
Image caption ساکشی راوت مہندر سنگھ دھونی کی بچپن کی دوست ہیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنے بچپن کی دوست ساکشی سنگھ راوت سے شادی کرلی ہے۔

اترپردیش کی ریاست اتراکھنڈ کے شہر دہرادون سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور ودھولی کے جنگلوں میں وا‍قع فارم ہاؤس میں شادی کی تقریب ہوئی جس میں دھونی کے بے حد قریبی رشتے دار اور دوست شریک ہوئے۔

جن جانے مانی ہستیوں نے دھونی کی شادی میں شرکت کی ان میں فلمی اداکار جان ابراہیم، آشیش نہرا اور آر پی سنگھ شامل ہیں۔

.شادی کی تقریب کے مقام پر سیکورٹی انتہائی سخت تھی جس کی وجہ سے میڈیا کو تصویر کشی اور شادی سے متعلق کسی طرح کی معلومات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

دھونی اور ساکشی کا تعلق اتراکھنڈ سے ہے حالانکہ دونوں کے خاندان ریاست جھارکھنڈ کے رانچی شہر میں رہتے ہیں۔

مہندر سنگھ دھونی کو ’موسٹ ایلیجبل بیچلر‘ کہا جاتا تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ میں کہا جارہا ہے کہ ’دھونی نے اچانک شادی کا اعلان کر کے اپنی خاتون شائقین کو ضرور مایوس کیا ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق ساکشی راوت مہندر سنگھ دھونی کی بچپن کی دوست ہیں اور دونوں رانچی کے سکول میں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔

بعض بھارتی اخبارات کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو گزشتہ چند برس سے جانتے تھے اور جب دوستی گہری ہوگئی تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے والد اترآنچل میں الموڑا کے رہنے والے ہیں لیکن ان کی ملازمت ریاست جھارکھنڈ میں تھی اس لیے وہ رانچی میں رہتے تھے۔

دھونی نے وہیں تعلیم حاصل کی اور وہیں سے کرکٹ کھیلتے تھے۔ ساکشی کا تعلق بھی اترآنچل سے ہے اور وہ بھی رانچی میں تھیں۔

اسی بارے میں