عالمی کپ کا بہترین کھلاڑی فورلان

فورلان

یوروگوئے کے ڈیگو فورلان کو جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹبال عالمی کپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے کے بعد ’گولڈن بال‘ دیا گیا۔

فورلان نے مقابلوں میں پانچ گول کیے اور اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی عمر اکتیس برس ہے اور اتلیتیکو میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

جرمنی کے تھامس میولر نے بھی پانچ گول کیے اور انہیں سب سے زیادہ گول کرنے پر ’گولڈن بوُٹ‘ دیا گیا۔ پانچ گول کرنے والوں میں ہسپانیہ کے ڈیوڈ ویا اور ہالینڈ کے شنائڈر بھی شامل تھے لیکن میولر نے تین گول کروانے میں مدد بھی کی تھی اس لیے انہیں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بیس سالہ میولر کو فیفا کی طرف سے بہترین نوجوان کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ان کے مقابلے میں میکسیکو کے جیو وانی دوس سانتوس اور گھانا کے اینڈریو آیو تھے۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا فیصلہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا۔ فورلان کے حق میں تئیس اعشاریہ چار فیصد ووٹ آئے جبکہ دوسرے نمبر پر ہالینڈ کے شنائڈر تھے جنہیں اکیس اعشاریہ آٹھ فیصد ووٹ ملے۔

ہسپانیہ کے گول کیپر کاسیاس جنہوں نے فائنل میں دو بار یقینی گول بچائے مقابلوں کے بہترین گول کیپر قرار دیے گئے۔ انہوں نے سات میچوں میں دو گول کروائے۔ کاسیاس کو انعام میں ’گولڈن گلو‘ ملا۔

اسی بارے میں