سلمان بٹ کی ایک اور نصف سینچری

سائمن کیٹچ
Image caption سائمن کیٹچ نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری بنائی ہے

آسٹریلیا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز چار سو چالیس رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے ایک وکٹ پر 114 رنز بنائے ہیں۔

پاکستانی اوپنر سلمان بٹ نے نو چوکوں کی مدد سے میچ میں اپنی دوسری نصف سینچری مکمل کر لی ہے۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے اظہر علی میدان میں موجود ہیں۔

پاکستان کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران فرحت ہیں جو چوبیس رنز بنا کر سمتھ کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پہلے ٹیسٹ کا تازہ ترین سکور

لارڈز ٹیسٹ کا تیسرا دن: تصاویر میں

اس سے پہلے کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں تین سو چونتیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں اس نے پاکستان کو پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے چار سو چالیس رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔

آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ڈگ بولنجر تھے جنہیں دانش کنیریا نے بولڈ کیا۔

آسٹریلوی اننگز کی خاص بات اوپنر سائمن کیٹچ اور آخری نمبر پر آنے والے بلے بازوں ٹم پین اور بل ہلفنہاس کی عمدہ بلے بازی تھی۔ کیٹچ تراسی اور پین سینتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بل ہلفنہاس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد چھپن رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمرگل سب سے کامیاب بالر رہے، انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد آصف نے تین، دانش کنیریا نے دو اور شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں دو سو ترپّن رنز سکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک سو اڑتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں آسٹریلیا کو پاکستان پر ایک سو پانچ رن کی ابتدائی برتری حاصل ہوئی تھی۔

اسی بارے میں