ہزاروں ایشیائی ’جواری‘ گرفتار

فٹبال

انٹرپول نے کہا ہے کہ فٹبال عالمی کپ کے دوران مختلف ایشیائی ممالک میں ہزاروں لوگ غیر قانونی جوا کھیلنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ چین، ملائشیا، سنگاپور اور تھائی لینڈ میں چھاپوں کے دوران ایک کروڑ ڈالر بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں آٹھ سو کے قریب جوا کھیلنے کے غیر قانونی اڈے پکڑے گئے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ جوئے کے ان غیر قانونی اڈوں میں تقریباً دس کروڑ پاؤنڈ مالیت کی شرطیں لگائی گئی تھیں۔

انٹرپول کے گیارہ جون سے گیارہ جولائی تک جاری رہنے والی کارروائی میں پولیس نے کاریں، بنک کارڈ، کمپیوٹر اور موبائیل فون بھی ضبط کیے۔

انٹرپول کے سربراہ یاں مِشل لوبوتیں نے کہا کہ غیر قانونی جواریوں کے خلاف اس کارروائی سے جرائم کی سرپرستی کرنے والے منظم گروہوں کی کارروائیوں کو بھی چوٹ لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ فٹبال پر لگنے والے جوئے کا تعلق جسم فروشی، رشوت ستانی جیسے جرائم سے ہوتا ہے۔ گزشتہ ہفتے چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ ایک ایسے گورہ کے پکڑے جانے کی خبر دی گئی تھی جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس نے غیر قانونی جوئے کے ذریعے تقریباً دس ارب پاؤنڈ کا کاروبار کیا۔

اسی بارے میں