نئی کتاب میں سچن کا خون

Image caption واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میچ میں ڈبل سینچری سکور کی ہے۔

انڈیا کے سٹار کرکٹر سچن ٹنڈلکر کی نئی سوانح کا ایک ایسا ایڈیشن تیار کیا جا رہا ہے جس میں ان کے خون کے قطرے شامل ہوں گے۔

اس خصوصی ایڈیشن میں صرف دس کاپیاں شائع کی جارہی ہیں جن میں سے ہر کاپی کی قیمت پچھہتر ہزار ڈالر رکھی جا رہی ہے۔ ان خصوصی نسخوں میں ایک دستخطی صفحہ ہوگا جس میں ان کا خون بھی شامل ہو گا۔

سینتیس سالہ کرکٹر نے اس غیرروایتی خراجِ تحسین کو ’بہت ہی زبردست‘ قرار دیا ہے۔

سینتیس کلوگرام کے وزن کی یہ کتاب آٹھ سو باون صفحات ہر مشتمل ہے اور اس کا ہر صفحے کے کنارے نقرئی ہیں۔

ٹنڈلکر کا کیریئر دو دہائیوں پر محیط ہے جس کے دوران انہوں نے تیس ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میچ میں ڈبل سینچری سکور کی ہے۔

اگرچہ کتاب کا یہ خصوصی ایڈیشن اگلے سال فروری میں شائع ہو گا لیکن اس کی دس کی دس جلدیں بِک چکی ہیں۔

کتاب کو شائع کرنے والے ادارے کراکن اوپس کے چیف ایگزیکٹو کارل فاؤلر نے برطانوی اخبار گارڈین کو بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ کتاب ہر ایک کی دسترس میں نہ ہو۔

’کچھ لوگوں کو شاید یہ عجیب لگے، لیکن بنیادی بات یہ ہے کہ سچن ٹنڈلکر کروڑوں لوگوں کے لیے مذہبی شخصیت کا درجہ رکھتے ہیں۔‘

’اور ہم نے یہ سمجھنے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح آپ اپنے خدا کے قریب سے قریب تر ہو سکتے ہیں؟‘

کتاب کو شائع کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ وہ سوانح کی ایک ہزار کے قریب عام کتابیں شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کی قیمت دو سے تین ہزار ڈالر ہو گی۔

بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے جب ٹنڈلکر کے سابق پارٹنر ونود کاملی سے کتاب کے خصوصی ایڈیشن کے بارے میں پوچھا تو انہیں نے کہا کہ انہیں یہ سن کر حیرت ہوئی ہے۔

اسی بارے میں