لیڈز: پاکستان 148 پر تین آؤٹ

Image caption لارڈز ٹیسٹ کی طرح محمد عامر نے ہی پاکستان کو ابتدائی کامیابی دلائی

لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا کے اٹھاسی رنز کے جواب میں پاکستان کے 148 پر تین آؤٹ ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب محمد آصف اور محمد عامر نے تین تین، عمر گل نے دو جبکہ عمر امین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں دوسرا کم ترین سکور ہے۔ اس سے پہلے سنہ انیس سو چھپن میں پاکستان کے خلاف اسی رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان سکور کارڈ

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز عمران فرحت اور کپتان سلمان بٹ نے کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک چونسٹھ رنز بنائے تھے۔

چائے کے وقفے کے بعد کھیل تھوڑی دیر کے لیے رکا بھی رہا۔

تاہم جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان سلمان بٹ پینتالیس رنز بنا کر ہِلفنہاس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران فرحت تھے جو تینتالیس رنز پر واٹسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اظہر علی تھے۔ انھیں بھی واٹسن نے آؤٹ کیا۔

اس وقت عمر امین اور عمر اکمل کھیل رہے ہیں جب میچ خراب روشنی کی وجہ سے روک دیا گیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Image caption سلمان بٹ جو ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں نے پینتالیس رنز بنا کر ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ بیس کے سکور پر گری جب کیٹچ تیرہ رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی شین واٹسن تھے جو پانچ رنز بنا کر محمد آصف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی مائیکل کلارک تھے جو تین رنز بنا کر عمر گُل کت گیند پر بولڈ ہوئے۔

چوتھی وکٹ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کی تھی جو چھ پر محمد آصف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اکتالیس رنز پر گری جب مائک ہسی عمر گل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

ساٹھ کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کا چھٹا بیٹسمین آؤٹ ہوا۔ نارتھ سولہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ لنچ کے وقفے کے بعد پہلی گیند پر اس وقت گری جب سمتھ کو محمد عامر نے بولڈ کیا۔

آٹھویں وکٹ محمد عامر نے اگلے ہی گیند پر لی جب انہوں نے مچل کو بولڈ کیا۔اس کے بعد ہیلفیوناس رن آوٹ ہو گئے جبکہ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پینی تھے جو محمد آصف کا شکار بنے۔

اس میچ میں پاکستان کی کپتانی کی فرائض سلمان بٹ ادا کر رہے ہیں جنہیں شاہد آفریدی کے استعفے کے بعد کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاہد آفریدی کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہی ٹیم میدان میں اتاری گئی ہے جس نے لارڈز میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

اسی بارے میں