آسٹریلیا کے دو کھلاڑی آؤٹ

رکی پونٹنگ
Image caption رکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بارہ ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں

لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھتیس رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کو آسٹریلیا پر چونتیس رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے اٹھاسی رن کے جواب میں پہلی اننگز میں دو سو اٹھاون رن بنا کر ایک سو ستر رن کی برتری حاصل کر لی تھی۔

آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان سکور کارڈ

آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ اکسٹھ کے سکور پر بیٹنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بارہ ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔

دوسری جانب مائیکل کلارک بتیس کے سکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کیٹچ تھے جنہیں محمد عامر نے بولڈ کیا۔ جب وہ آؤٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا کل سکور پندرہ تھا۔ اس کے بعد پچپن رن پر شین واٹسن بولڈ ہو گئے جنہیں امین نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے پہلی اننگز میں آل راؤنڈر شین واٹسن نے تئیس رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہ ان کا اب تک سب سے اچھا ٹیسٹ ریکارڈ ہے۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز عمران فرحت اور کپتان سلمان بٹ نے کیا تھا۔ دونوں بلے بازوں نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔

Image caption لارڈز ٹیسٹ کی طرح محمد عامر نے ہی پاکستان کو ابتدائی کامیابی دلائی

لیکن چائے کے وقفے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان سلمان بٹ پینتالیس رن بنا کر ہِلفنہاس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران فرحت تھے جو تینتالیس رن پر واٹسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اظہر علی تھے۔ انھیں بھی واٹسن نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد عمر امین پچیس، عمر اکمل اکیس اور شعیب ملک چھبیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ کوئی بھی دوسرا کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا اور پوری ٹیم دو سو اٹھاون کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئي۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس میچ میں پاکستان کی کپتانی کی فرائض سلمان بٹ ادا کر رہے ہیں جنہیں شاہد آفریدی کے استعفے کے بعد کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاہد آفریدی کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہی ٹیم میدان میں اتاری گئی ہے جس نے لارڈز میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

اسی بارے میں