میراڈونا کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہو گی

فائل فوٹو، میراڈونا
Image caption میرا ڈونا گزشتہ اکیس ماہ سے ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ تھے

ارجنٹینا کی فٹبال ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ اور سابق متنازعہ سٹار کھلاڑی ڈیئگو میراڈونا قومی ٹیم کے کوچ کے طور پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

فٹبال ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کوچ میرا ڈونا کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

میرا ڈونا گزشتہ اکیس ماہ سے ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم کے کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ فٹبال ایسوسی ایشن نے میراڈونا کو دو ہزار چودہ کے عالمی کپ تک ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم میرا ڈونا کا کہنا تھا کہ وہ صرف اسی صورت میں کوچنگ کریں گے اگر ان کا تمام سٹاف بھی برقرار رہے۔

ایسوسی ایشن کے سربراہ نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ میرا ڈونا کے سٹاف میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت ہے لیکن وہ اس پر کسی سمجھوتے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کسی کو زبردستی نہیں نکالا جا رہا بلکہ کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جا رہی کیونکہ ہمارے حالات ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے رہے۔

خیال رہے کہ عالمی کپ مقابلوں میں ارجنٹینا فیورٹ ترین ٹیموں میں سے ایک تھی لیکن کوارٹر فائنل میں اسے جرمنی کے ہاتھوں ایک بری شکست ہوئی۔

اس شکست کے بعدارجنٹینا کے کوچ ڈیئگو میراڈونا نے اعتراف کیا تھا کہ وہ جرمنی کے خلاف شرمناک شکست کے بعد اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

میراڈونا نے انیس سو چھیاسی کے فٹبال ورلڈ میں ارجنٹینا کی فتح میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ میراڈونا کا کہنا تھا کہ ان کے بعد جو بھی کوچ آئے اسے ارجنٹینا کے جارحانہ انداز کو برقرار رکھنا چاہیے۔

اسی بارے میں