پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز شروعات

سلمان بٹ اور محمد عامر
Image caption پاکستان کے پاس بہترین بالنگ اٹیک ہے: سلمان بٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز جمعرات سے ٹرینٹ برج میں شروع ہو رہی ہے۔انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس سیریز کے آغاز کے لیے بے چین ہے۔

پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کھیلی ہے۔ انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلنے کے بعد انہیں اب غالباً ایک درجہ مشکل حریف کا سامنا ہے۔

پاکستان کے کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ ان کی ٹیم کا بالنگ اٹیک دنیا کا بہترین بالنگ اٹیک کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف گلین مکگراتھ کے بعد نئی گیند کے بہترین بالر ہیں۔

عمر گل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ پرانی گیند کو سونگ کرواتے ہیں اور انتہائی خطرناک بالر ہیں۔ ’دانش کنیریا کو ہم گولڈن آرم کہتے ہیں‘۔

انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ پاکستانی بالروں نے آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے میں متاثرکن بالنگ کی لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ہیڈنگلے کی بالنگ وکٹ ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی بالروں کی صلاحیتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا ان کا کام نہیں کیونکہ دنیا کی زیادہ تر ٹیموں کے پاس اچھے بالر ہیں۔

پاکستان کی ٹیم: سلمان بٹ، عمران فرحت، عمر اکمل، زاہد علی، عمر امین، کامران اکمل، شعیب ملک، عمر گل، محمد عامر، دانش کنیریا اور محمد آصف۔

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، ایلیسٹیئر کک، جانتھن ٹراٹ، کیون پیٹرسن، پال کالنگوڈ، ایون مارگن، میٹ پرایور، سٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن، سٹیون فِن اور ٹیم برسینن۔

اسی بارے میں