نیوزی لینڈ کی دو سو رن سے جیت

ڈیرل ٹفی
Image caption ڈیرل ٹفی تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے

سری لنکا کے شہر دمبولا میں جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو دو سو رن کے بھاری مارجن سے ہرا دیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں دو سو اٹھاسی رن بنائے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف اٹھاسی سکور پر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

یہ ایک روزہ کرکٹ میں بھارت کا پانچواں سب سے کم سکور ہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات کپتان راس ٹیلر اور سکاٹ سٹائرس کی عمدہ بلے بازی تھی۔ ٹیلر پچانوے اور سٹائرس نواسی رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے کیے ایک سو نوے رن کی شراکت ہوئی۔

دو سو نواسی رن کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو بیالیس رن کا آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز ناکام رہے اور پوری ٹیم تیسویں اوور میں اٹھاسی رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کے بولروں میں ڈیرل ٹفی تین، جبکہ کائل ملز اور جیکب اورم دو، دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

ٹورنامنٹ کا اگلا میچ تیرہ اگست کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں