اوول کی فتح سیلاب زدگان کے نام:سلمان

Image caption ہم یہ فتح سیلاب زدگان کے نام کرتے ہیں:سلمان بٹ

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اوول ٹیسٹ سے حاصل ہونے والی میچ فیس کا ایک حصہ پاکستان میں سیلاب زدگان کے امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے اوول ٹیسٹ کے خاتمے کے بعد کیا۔

اس موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اوول میں اپنی ٹیم کی فتح کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے نام کرتے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق میچ کے بعد پاکستانی کپتان نے کہا کہ سیلاب ایک بہت بڑی آفت ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی ٹیم کی یہ فتح مصیبت کے مارے افراد کو خوشی کے چند لمحات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ کر سکتے ہیں کہ میچ جیتیں اور انہیں خوش ہونےکا کوئی موقع دیں۔ ہم یہ فتح سیلاب زدگان کے نام کرتے ہیں‘۔

سلمان بٹ نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی میچ فیس کا کچھ حصہ سیلاب زدگان کے فنڈ میں دے دیا ہے اور وہ ٹور کے دوران مختلف امدادی تقریبات میں شرکت بھی کریں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے بھی اپنی میچ فیس کا کچھ حصہ سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ انگلش ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس کے مطابق ’یہ بہت بڑی انسانی آفت ہے اور ہم جتنی مدد کر سکتے ہیں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔

اسی بارے میں