’کھلاڑی جلد پاکستان آئیں گے‘

اعجاز بٹ لندن سے واپسی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران
Image caption اگر میرے ساتھ بیٹھا ہوا یہ شخص کسی کو قتل کر دے تو کیا اس کے لیے مجھے استعفی دینا ہوگا: اعجاز بٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث پاکستانی کھلاڑی جلد پاکستان آ جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات انگلینڈ سے واپسی کے اگلے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کہی۔

اعجاز بٹ کے مطابق لندن میں ایک بڑی معروف خاتون وکیل ان کھلاڑیوں کے قانونی معاملات دیکھ رہیں ہیں اور انہیں امید ہے کہ بہت جلد یہ کھلاڑی پاکستان میں ہوں گے۔

اعجاز بٹ کے مطابق اس سارے معاملے میں وہ آئی سی سی کے رویے سے مطمئن نہیں ہیں اور انہوں نے آئی سی سی حکام کو خط لکھا ہے کہ کھلاڑیوں کو معطل کرنے کا فیصلہ غلط ہے، اسے واپس لیا جائے اور سکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات کے بعد آئی سی سی اپنی تحقیقات کرے۔

آئی سی سی نے ان کے اس خط کے جواب میں لکھا ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ان کھلاڑیوں کو براہ راست نوٹس بھجوائے گئے ہیں اور ان سے براہ راست ہی اس کا جواب لیا جائے گا۔

اعجاز بٹ کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ نے نو گھنٹے تک ان کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرنے کے بعد انہیں بنا چارج لگائے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے کمروں سے ملنے والی رقوم کی بابت کہا کہ سلمان بٹ کے کمرے سے 2500 پاؤنڈُ ملے تھے جو انہیں مظہر مجید نے ایک آئس کریم پارلر کے افتتاح کے لیے دیے تھے۔ محمد عامر کے کمرے سے 1500 پاؤنڈ ملے جو ان کو ملنے والے الاؤنس کی رقم تھی جبکہ محمد آصف کے کمرے سے کوئی رقم نہیں ملی۔

پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ان کھلاڑیوں کو بے گناہ مانتے ہیں لیکن اگر وہ قصور وار ثابت ہوئے تو ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی تاہم ان کے غلط ثابت ہونے پر بھی وہ اپنے عہدے سے استعفی نہیں دیں گے۔ انہوں نے اپنے ساتھ بیٹھے پی سی بی کے قانونی مشیر ایڈوکیٹ تفضل رضوی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے ساتھ بیٹھا ہوا یہ شخص کسی کو قتل کر دے تو کیا اس کے لیے مجھے استعفی دینا ہوگا؟

اس پریس کانفرنس میں اعجاز بٹ نے اعلان کیا کہ پاکستان کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ٹور کے دوران کسی شخص کو ایجنٹ مقرر کرنے سے پہلے پی سی بی سے تحریری اجازت لے گا اور اگر وہ اس ہدایت پو عمل نہیں کرے گا تو اسے کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اعجاز بٹ نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی وہاب ریاض سے سکاٹ لینڈ یارڈ چودہ ستمبر کو پوچھ گچھ کرے گی۔

اسی بارے میں