وہاب ریاض سے پولیس پوچھ گچھ کرےگی

وہاب ریاض
Image caption وہاب ریاض نے دو میچوں میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا

پاکستان کے تیز بولر وہاب ریاض سے منگل کو برطانوی پولیس کرپشن کے الزامات کے حوالے سے پوچھ گچھ کرے گی۔

پچیس سالہ پاکستانی کھلاڑی نے انگلینڈ کے خلاف اوول کے میدان میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد لارڈز کے میچ میں بھی وہ شامل تھے۔

پاکستان کے تین کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر، محمد آصف سے پولیس پہلے ہی بیان لے چکی ہے۔

ان تینوں پر سپاٹ فکسنگ کا الزام ہے لیکن تینوں کے خلاف چونکہ کوئی مقدمہ نہیں ہے اس لیے وہ پاکستان واپس جا سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ ’کیونکہ تینوں کھلاڑیوں کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے اس لیے ہم نے سکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلع کر دیا ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں یہ کھلاڑی پاکستان واپسی کا سفر کر رہے ہیں گے۔‘

تاہم آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں کو الزامات کے بعد عارضی طور پر کرکٹ کھیلنے سے معطل کر دیا ہے۔

ریاض نے اپنے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 63 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے تھے اور اپنے دو ٹیسٹ میچوں میں سات وکٹ لیے تھے۔ انہوں نے سات وائڈ اور تیرہ نو بالز کروائی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’ہم نے اس انٹرویو کا اہتمام کیا ہے اور ہم تعاون کرتے رہیں گے کیونکہ ہم معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

اسی بارے میں