دوسرا ایک روزہ: انگلینڈ چار وکٹوں سے فاتح

اینڈریو سٹراس
Image caption اینڈریو سٹراس ایک سو چھبیس رنز کی ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہیڈنگلے میں کھیلا جانے والا دوسرا ایک روزہ میچ انگلینڈ نے چار وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر دو سو چورانوے رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ ایک سو چونتیس رنز سٹراس نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے اور اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

تفصیلی سکور کارڈ کے لیے یہاں کلک کریں

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: تصاویر

انگینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سٹیو ڈیویز تھے جو چھبیس رنز بنا کر شعیب اختر کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ان کے بعد ٹروٹ رن آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے دو چوکوں کی مدد سے تریپن رنز بنائے۔

دو سو بیس رنز پر آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کالنگ ووڈ تھے جو انیس رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ ہوئے۔

انگلینڈ کے دو سو اڑتالیس رنز پر اجمل نے سٹراس کو آؤٹ کر دیا۔

ان کے بعد ای مورگن عمر گل کی گیند پر ایک چوکے کی مدد سے سولہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا سکور دو ساٹھ تک پہنچ چکا تھا۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی روی بوپارہ تھے وہ بھی مورگن کی طرح سولہ رنز بنا کر اجمل کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

یارڈی اور بریسنن نے بالترتیب تیرہ اور دس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے اجمل نے باون رنز پر دو وکٹیں لیں، شعیب اختر نے انچاس رنز پر ایک، عمر گل نے انسٹھ پر ایک شاہد آفریدی نے بھی انسٹھ پر ایک وکٹ لی جب کہ حفیظ اور عرفان کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چورانوے رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی طرف سے کامران اکمل نے چوہتر جبکہ اسد شفیق نے پچاس رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے سٹیورٹ براڈ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان کی طرف سے کامران اکمل اور محمد حفیظ بیٹنگ کرنے میدان میں اترے تھے اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو بائیس رنز بنائے۔

کامران اکمل پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو چوہتر رنز بنا کر پال کولنگوڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

محمد حفیظ نے تینتالیس رنز بنائے اور وہ گریم سوان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی محمد یوسف تھے جو چھیالیس رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر وکٹ کیپر سیٹو ڈیویز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے اسد شفیق تھے جو پچاس رنز بنا کر براڈ کی گیند پر بوپارہ کی ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمر اکمل تھے جو اٹھائیس رنز بنا براڈ کے گیند پر وکٹ کیپر سٹیو ڈیویز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جو نو رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر سٹراس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی عمر اکمل تھے جو تین رنز بنا کر بریسنن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی سعید اجمل تھے جو چار رنز بنا کر براڈ کی گیند پر سٹراس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور انہیں کھلاڑیوں کو کھلایا گیا ہے جنہوں نے پہلے میچ میں حصہ یا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم ڈرہم میں کھیلا گیا پہلا میچ جیت کر ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر چکی ہے۔

پاکستان: کامران اکمل، محمد حفیظ، محمد یوسف، فواد عالم، عمر اکمل، شاہد آفریدی (کپتان)، اسد شفیق، عمر گل، شعیب اختر، سعید اجمل اور محمد عرفان۔

انگلینڈ: اینڈریو سٹراس، سٹیو ڈیویز، جوناتھن ٹراٹ، پال کولنگوڈ، ایون مورگن، روی بوپارہ، ٹم پریسنن، مائیکل یارڈی، گریم سوان، سٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن۔