انگلینڈ نے ون ڈے سیریز جیت لی

انگلینڈ نے آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو ایک سو اکیس رنز سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے دو سو ستاون رنز کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم ایک سو پینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان اور سٹورٹ براڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اوئن مورگن کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔مورگن آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو ایک گیندوں پر ایک سو سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مورگن کے علاوہ کولنگوڈ نے سنتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ کولنگوڈ پانچ رنز بنا کر مائیگرین (سر میں شدید درد) کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تاہم ایئن بیل کے آؤٹ ہونے کے بعد وہ دوبارہ کریز پر آئے اور انہوں نے مورگن کے ساتھ مل کر ترانوے رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔
پاکستان کی جانب سے شعیب اختر نے تین، محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور عمر گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو ایک عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں تریسٹھ رن بنائے۔ تاہم بعد میں آنے والا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم سینتیسویں اوور میں 135 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی۔
آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی اوپنر محمد حفیظ تھے جو انتیس کے انفرادی سکور پر سٹورٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اگلی ہی گیند پر براڈ نے اسد شفیق کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر انگلینڈ کو دوسری کامیابی دلائی۔
پاکستان کی تیسری وکٹ اسّی کے سکور پر گری جب کامران اکمل امپائر کے ایک غلط فیصلے کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اکتالیس رنز بنائے۔ بیسویں اوور میں پاکستان کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب گریم سوان نے فواد عالم کو بولڈ کر دیا۔
محمد یوسف اور شاہد آفریدی بھی گریم سوان کا شکار بنے، یوسف نے دس رن بنائے جبکہ آفریدی کوئی رن نہ بنا سکے۔بقیہ کھلاڑیوں میں عمر اکمل کو کولنگوڈ نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا جبکہ عمر گل اور سعید اجمل رن آؤٹ ہوئے۔
پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ نے ابتدائی دو میچ جیت کر سبقت حاصل کی تھی تاہم پاکستان نے پہلے اوول اور پھر لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں میں فتح حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔ انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤس کو سیریز میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی ٹیم: کامران اکمل، محمد حفیظ، محمد یوسف، اسد شفیق، عمر اکمل، شاہد آفریدی، فواد عالم، عبدالرزاق، عمرگل، شعیب اختر اور سعید اجمل
انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، ایس ایم ڈیویز، جوناتھن ٹراٹ، اوئن مورگن، ایئن بیل، پال کولنگوڈ، لیوک رائٹ، ٹم بریسنن، گریم سوان، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن