سیمنیا دولتِ مشترکہ کھیلوں سے باہر

Image caption سیمنیا گیارہ ماہ کے وقفے کے بعد جولائی میں میدان میں واپس آئی ہیں

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ کاسٹر سیمنیا کمر میں تکلیف کی وجہ سے دولتِ مشترکہ کھیلوں میں شرکت نہیں کر پائیں گی۔

آٹھ سو میٹر دوڑ کی عالمی چیمپیئن انیس سالہ سیمنیا نے منگل کو ایم آر آئی کروایا تھا جس سے ان کی کمر میں چوٹ کی تصدیق ہوئی۔

سیمنیا گیارہ ماہ تک اپنی جنس کے تنازعہ کی وجہ سے ٹریک سے دور رہیں اور رواں برس جولائی میں ہی ان کی واپسی ہوئی تھی۔

جنوبی افریقی اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیمنیا نے انہیں مطلع کیا ہے کہ انہیں کمر کے نچلے حصے میں تکلیف ہے اور وہ گزشتہ چند مقابلوں میں بھی مکمل فٹ نہیں تھیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کے ڈاکٹر شعیب منجرا کا کہنا ہے کہ اگر سیمنیا دلّی گیمز میں شرکت کرتیں تو ان کی تکلیف میں اضافہ ہو سکتا تھا اور سنہ 2011 کے عالمی ایتھلیٹک مقابلوں اور سنہ 2012 کے لندن اولمپکس میں ان کی شرکت مشکوک ہو سکتی تھی۔

دولتِ مشترکہ کھیلوں میں شرکت کے لیے جانے والا جنوبی افریقہ کا دستہ پہلے ہی لانگ جمپر خوتسو موکینا اور آٹھ سو میٹر کے عالمی چیمپیئن بولینی مولادزی کے مکمل فٹ ہونے کا منتظر ہے۔

اسی بارے میں