ہاکی: پاکستان نے ملائیشیا کو ہرادیا

Image caption سینٹر فارورڈ ریحان بٹ نے پہلے بیس منٹ میں پینلٹی کارنر کوگول میں بدل دیا

دہلی میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں میں ہاکی کے پول اے کے مقابلے میں پاکستان نے ملائیشیا کو ہرا دیا ہے۔

دہلی کے میجر دھیان چند سٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

تجربہ کار سینٹر فاورڈ ریحان بٹ اور شکیل عباسی ملائیشین ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا اور ان کے گول پر تابڑتوڑ حملے کیے۔

محمد عمران نے میچ کے سترویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر پہلا گول کرکے پاکستان کو سبقت دلا دی۔ شکیل عباسی نے دوسرا شاندارگول کھیل کے دوسرے نصف میں کیا اور کھیل کے پینسٹھویں منٹ میں محمد وقاص نے چوتھا گول کرکے پاکستان کی کامیابی یقینی بنا دی۔

یہ ان مقابلوں میں پاکستان کی دوسری کامیابی تھی۔ اس سے قبل پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔

سنہ 2006 کے میں دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان نے ہاکی مقابلوں میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور میلبرن میں ہونے والے فائنل میں پاکستان آسٹریلیا سے ہار گیا تھا۔

سکاٹ لینڈ کو اس وقت مقابلوں میں لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پرا جب پاکستان کے بعد آسٹریلیا نے بھی اسے ہرا دیا۔ پول بی میں انگلینڈ نے ٹرینی ڈاڈ کو چار صفر سے اور نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو چار دو سے ہرا دیا۔

اسی بارے میں