ویسٹ انڈیز: کرِس گیل کپتانی سے برطرف

کرِس گیل
Image caption کرس گیل سال دو ہزار سات میں ویسٹ انڈیز کے کپتان بنے

ویسٹ انڈیز کے کرکٹ حکام نے کِرس گیل کو کپتانی سے ہٹا کر ان کی جگہ آل راؤنڈر ڈیرن سمی کو کپتان بنا دیا ہے۔

اکتیس سالہ کرس گیل سال دو ہزار سات سے کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے ہیں۔

نئے کپتان چھبیس سالہ ڈیرن سمی آٹھ ٹیسٹ میچ، تینتالیس ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور انیس ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔

ان کا تعلق سینٹ لوشیا کے جزیرے سے ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے ٹیم میں سینٹ لوشیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

ڈیرن سمی سنہ دو ہزار چار سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ایرنسٹ ہِلئر نے ایک بیان میں کہا کہ ’کرس گیل نے ایک مشکل وقت میں ویسٹ انڈیز کی رہنمائی کی اور بورڈ ان کا اُس وقت یہ ذمہ داری سبھالنے کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ لیکن اب یہ ذمہ داری کسی اور کو دینے کا وقت آگیا ہے کیونکہ اب ٹیم کو از سر نو بنانے کا وقت ہے۔‘

اس وقت عالمی درجہ بندی میں ٹیسٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر ہے ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں نمبر پر۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے دورے کے لیے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں گیل بھی شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم

ڈیرن سمی (کپتان)، برینڈن نیش (نائب کپتان)، کرس گیل، ایڈریئن بیریتھ، کارلٹن باؤگ جونیئر (وکٹ کیپر)، سلیمان بین، ڈیرن براؤ، ڈویئن براؤ، شیو نارنی چندر پال، نیلون پیسکل، کمار روچ، اینڈرے رسل، شین شِلنگفورڈ، ڈیوون سمتھ، ڈیوون تھامس (وکٹ کیپر)

اسی بارے میں