پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کی فتح

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی ٹاس کرتے ہوئے
Image caption شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرادیا، جنوبی افریقہ کی ابھی دس گیندیں باقی تھیں جب اُس نے میچ جیتنے کے لیے ایک سو بیس رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

شعیب اختر کا دوسرا اوور وکٹ میڈن ثابت ہوا جس میں انھوں نے دونوں ووکٹیں حاصل کیں۔ پہلی وکٹ ہتھوڑے کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ کے اووپنگ بلے باز ایل بوسمین کیچ آؤٹ ہوئے اور صرف ایک گیند کے بعد ای بی ڈویلیئرز آؤٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے حاصل کی۔

اس کے بعد انگرم اور جے پال ڈمنی نے ملکر اننگز کو استحکام دیا اور جم کر لے بلے بازی کی۔

پاکستان کی اننگز میں مصباح الحق نے سب سے زیادہ ستائیس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سکور بورڈ دیکھیں

ان کے علاوہ کپتان شاہد آفریدی نے پچیس اور عمر اکمل چودہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جے بوتھا اور ایل ٹاٹسبو نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عمران فرحت اور شاہ زیب حسن نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی عمران فرحت تھے جو دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہ زیب حسن نو رنز بنا کر ٹاٹسبو کی گیند پر ڈمنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ تیرہ ، عبدالرزاق چار جبکہ وکٹ کیپر ذالقرنین حیدر صرف ایک رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم پاکستان کے بیٹنگ ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہی۔ مبصرین کے مطابق ابو ظہبی کی وکٹ پر یہ بہت ہی کم سکور تھا۔

Image caption پاکستانی کوچ وقار یونس فاسٹ بالرز شیعب اختر اور رزاق کے ہمراہ پریکٹس کے دوران

یہ میچ ابو ظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے پاکستان کو دو میں فتح حاصل ہوئی تھی۔

ابو ظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں پہلی مرتبہ دو ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل اس میدان میں کھیلے جانے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں افغانستان کا مقابلہ سکاٹ لینڈ اور کینیا کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ستائیس اکتوبر کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔

پہلے دو ون ڈے انٹرنیشنل انتیس اور اکتیس اکتوبر کو ابوظہبی میں جبکہ بقیہ تین ون ڈے دبئی میں دو پانچ اور آٹھ نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم:

شاہد آفریدی( کپتان)، محمد حفیظ، مصباح الحق، عمراکمل، عمران فرحت، عبدالرزاق، عمرگل، شعیب اختر، ذالقرنین حیدر اور شاہ زیب حسن۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم:

گریم سمتھ، ایل بوسمین، ای بی ڈویلیئرز، جے پی ڈمنی، سی اے انگرام، ڈی اے مِلر، جے اے مورکل، جے بوتھا، ایم مورکل، جے تھیرون اور ایل ٹاٹسبو۔

اسی بارے میں