جنوبی افریقہ نے سیریز جیت لی

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ پاکستانی کپتان کا کیچ پکڑنے کے بعد
Image caption جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کیچ لیا

ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے ایک سو اکیس رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو بیس رنز بنائے تھے۔

سکور بورڈ دیکھیں

جنوبی افریقہ کے اوپنر گریم سمتھ بیالیس بالوں پر اڑتیس رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ جب کہ بوس مین، ڈی ولیرس اور اِنگرام نے بالترتیب گیارہ، گیارہ اور اکتیس رن بنائے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہی۔

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے سب سے زیادہ تینتیس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ عبدالرزاق نے پچیس اور ذالقرنین حیدر نے سترہ رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے جے تھیرن نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایل ٹاٹسبو نےدو جبکہ ایم مورکل اور جے اے مورکل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منگل کو کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

ابو ظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں پہلی مرتبہ دو ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل اس میدان میں کھیلے جانے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں افغانستان کا مقابلہ سکاٹ لینڈ اور کینیا کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلے دو ون ڈے انٹرنیشنل انتیس اور اکتیس اکتوبر کو ابوظہبی میں جبکہ بقیہ تین ون ڈے دبئی میں دو، پانچ اور آٹھ نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم:

شاہد آفریدی( کپتان)، محمد حفیظ، مصباح الحق، عمراکمل، عمران فرحت، عبدالرزاق، عمرگل، شعیب اختر، ذالقرنین حیدر اور شاہ زیب حسن۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم:

گریم سمتھ، ایل بوسمین، ای بی ڈویلیئرز، جے پی ڈمنی، سی اے انگرام، ڈی اے مِلر، جے اے مورکل، جے بوتھا، ایم مورکل، جے تھیرون اور ایل ٹاٹسبو۔

اسی بارے میں