جنوبی افریقہ جیت گیا

گریم سمتھ اور ڈمنی
Image caption جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے

ابو ظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے صرف دو سو تین رن بنا سکی۔ پاکستان کی ٹیم پورے پچاس اوور بھی نہیں کھیل پائی اور انچاسویں اوور میں اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

تازہ ترین سکور بورڈ کے لیے کلک کریں

جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف چالیسویں اوور کی تیسری گیند پر دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ جنوبی افریقہ نے دو سو سات رن بنائے۔ ژاک کالس نے چھیاسٹھ رن بنائے اور وہ زخمی ہونے کی وجہ سے اپنی باری پوری نہ کر سکے۔

جنوبی افریقہ کے دوسرے سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز ایبی ڈیولیئرز تھے جنہوں نے اکیاون رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کے دونوں کھلاڑی سعید اجمل نے آؤٹ کیے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ہاشم آملہ اور سمتھ نے بیٹنگ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا اور پہلے پانچ اوور میں بغیر کسی نقصان کے پچیس رن بنالیے۔ اس کے بعد سمتھ شعب اختر کی ایک گیند لگنے پر زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان کی اننگز کی شروعات اسد شفیق اور محمد حفیظ نے کی۔

پاکستان کے بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز اختیار کیا لیکن اسد شفیق چھبیس کے مجموعی سکور پر ایل ٹاٹسبو کی گیند پر ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ان کا انفرادی سکورانیس رن تھا جس میں ان کے تین چوکے بھی شامل تھے۔

اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد یونس خان کھیلنے آئے ہیں۔ یونس خان نے کئی ماہ بعد ٹیم میں واپس آنے پر احتیاط سے بیٹنگ شروع کی۔ دوسری طرف محمد حفیظ نےبھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔

محمد حفیظ چوراسی گیندوں پر اڑسٹھ رن بنانے کے بعد بوتھا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یونس خان نے بھی نصف سنچری بنائی لیکن وہ چون کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے چون رن پچہتر گیندوں پر بنائے۔ وہ صرف دو چوکے لگا سکے۔

اس کے بعد مصباالحق اور شاہد آفریدی کی ووکٹیں چند ہی گیندوں کے فرق سے گر گئیں۔ مصباح الحق صرف چودہ رن بنا سکے جبکہ آفریدی نے ایک رن بنایا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹاٹسبو سب سے کامیاب رہے انھوں نے دس اوور میں ستائیس رن دیئے اور چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بدھ کو دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی تھی۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ یونس خان، فواد عالم اور اسد شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ عمر اکمل ٹیم میں شامل نہیں تھے۔

جنوبی افریقہ نے پچھلے نو ون ڈے میچوں میں آٹھ میں فتح حاصل کی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلے دو ون ڈے انٹرنیشنل انتیس اور اکتیس اکتوبر کو ابوظہبی میں جبکہ بقیہ تین ون ڈے دبئی میں دو، پانچ اور آٹھ نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم:

اسد شفیق، محمد حفیظ، یونس خان، مصباح الحق، فواد عالم، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، ذالقرنین حیدر، عمر گل، شعیب اختر، سعید اجمل۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم:

گریم سمتھ، ہاشم آملہ، ژاک کالس، ای بی ڈویلیئرز، جے پی ڈمنی، سی اے انگرام، ڈی اے مِلر، جے بوتھا، ایم مورکل، ایل ٹاٹسبو، چارل لینگویلڈ۔

اسی بارے میں