دبئی: پاکستان میچ جیت گیا

یونس خان
Image caption یونس خان نے تہتر رنز کی اہم اننگز کھیلی

دبئی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز برابر کر لی۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے دو سو پچہتر رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے آخری اوور کی پانچویں بال پر حاصل کر لیا۔

سکور بورڈ دیکھیں

میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو جیتنے کے لیے چار رنز درکار تھے جبکہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر سنگل لے کر پاکستان کو میچ جتوا دیا۔ ذوالقرنین حیدر انیس رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔

ذوالقرنین حیدر اور وہاب ریاض نے میچ کے آخری اوورز میں اٹھائیس رنز کی بہت ہی اہم پارٹنر شپ بنائی۔ وہاب ریاض صرف دس گیندوں پر اٹھارہ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

یونس خان کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوزا گیا۔ انہوں نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے تہتر رنز بنائے۔ انہیں ایم مورکل نے بولڈ کیا۔

پاکستان کو اڑتالیس گیندوں پر پچپن رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی تھیں جب ایک ہی اوور میں یونس خان اور عبدالرحمان آؤٹ ہوگئے۔ عبدالرحمان بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ اوورز میں چوہتر رنز بنائے تھے۔

اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ چھ کے مجموعی سکور پر گری جب عمران فرحت آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ چونسٹھ کے مجموعی سکور پرگری جب محمد حفیط سٹین کی ایک گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے انتیس گیندوں پر بیالیس رنز بنائے۔

تیسری وکٹ اسد شفیق کی گری جو چھتیس رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ فواد عالم صرف چھ رنز بنا کر کالس کی گیند پر ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آفریدی پچیس گیندوں پر انتیس رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

Image caption گریم سمتھ نے نو چوکوں کی مدد سے بانوے رنز بنائے

جنوبی افریقہ کی جانب سےگریم سمتھ نے سب سے زیادہ بانوے رنز بنائے۔ انہیں محمد حفیظ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

ان کے علاوہ اے بی ڈویلیئرز نے 49 رنز بنا کر شعیب اختر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

میچ کے آخری اوورز میں جوہان بوتھا نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف پندرہ اوورز میں چھ چوکوں کی مدد سے اٹھائیس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ کولن انگرم ستائیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شعیب اختر، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے آخری اوورز میں جے پی ڈمنی (36) اور ڈی اے ملر (0) کو آؤٹ کر کے وہاب ریاض ہٹرک پر تھے لیکن کریز پر نئے آنے والے کھلاڑی بوتھا نے ان کے یارکر کو روک لیا۔

ہاشم آملہ جنہوں نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سنچری بنا کر جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا صرف دس رنز بنا کر شعیب اختر کی گیند پر عمران فرحت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ژاک کالس محمد حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے پندرہ رنز بنائے۔

ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں نے دو دو میچ جیتے ہیں اور سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آٹھ نومبر کو کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم: گریم سمتھ ، ہاشم آملہ، ژاک کالس، اے بی ڈویلیئرز، جے پی ڈمنی، سی اے انگرم، ڈی اے مِلر، جے بوتھا، ایم مورکل، ڈی سٹین اور ڈبلیو پارنل۔

پاکستان کی ٹیم: اسد شفیق، عمران فرحت، محمد حفیظ، یونس خان، فواد عالم، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، ذوالقرنین حیدر، وہاب ریاض، شعیب اختر اور عبدالرحمان۔

اسی بارے میں