احمد آباد: انڈیا کی ٹیم مشکل میں

Image caption نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر سی ایس مارٹن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

احمد آباد میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن اختتام پر انڈیا کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر بیاسی رنز بنائے ہیں۔

انڈیا کی ٹیم کو اپنی دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک سو دس رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔

ایک مرحلے پر انڈیا کی پانچ وکٹیں پندرہ رنز پر گِر چکی تھیں۔ لیکن بعد میں وی وی ایس لکشمن اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں پچاس رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر سی ایس مارٹن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیرہ اووروں میں پچیس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انڈیا میں اٹھائیس رنز کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز شروع کی تھی لیکن پہلے ہی اوور میں گوتم کمبھیر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اننگز کے دوسرے ہی اوور میں انڈیا کے دوسرے اوپنر ایک کے سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے راہول ڈراوِِڈ بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بنا کر کرس مارٹن کی گیند پر ہوپکنز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

جب انڈیا کا سکور پندرہ پر پہنچا تو ٹنڈلکر بارہ رنز بنا کر مارٹن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

انڈیا کی پانچویں وکٹ بھی پندرہ کے سکور پر بھی گِر گئی جب رائنا بغیر کوئی رن بنائے مارٹن کی گیند ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

وی وی ایس لکشمن اور مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے کی کوشش اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں پچاس رنز کا اضافہ کیا۔

پینسٹھ کے سکور پر انڈیا کی چھٹی وکٹ اس وقت گِری جب مہندر سنگھ دھونی بائیس رنز بنا کر مارٹن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس سے پہلے جب چوتھے دن کے کھیل شروع ہوا تونیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اکتیس رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین ولیمسن نے اپنا شاندار کھیل جاری رکھا اور نا صرف انفرادی سینچری مکمل کی بلکہ ٹیم کا سکور بھی چار سو سترہ رنز تک پہنچ دیا۔ وہ ایک سو اکتیس رنز بنا کر اوجھا کی گیند پر لکشمن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

چار سو سترہ کی سکور پر ہی نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ بھی گِر گئی جب ولیمسن کے ساتھ چھیاسی رنز کی شراکت کرنے والے ڈینیئل وٹوری اکتالیس رنز بنا کر رائنا کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اوپر تلے دو وکٹیں گرنے کے بعد کریز پر آنے والے ہوپکنز اور جیتن پٹیل نے سکور میں اٹھائیس رنز کا اضافہ کیا اور سکور چار سو پینتالیس رنز تک پہنچا دیا۔ اس سکور پر پہلے ہوپکنز چودہ رنز بنا کر اوجھا کی گیند پر بولڈ ہوئے اور بعد میں جیتن پٹیل بھی چودہ ہی رنز بنا کر سری سانتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ایچ کے بینٹ تھے جو چار رنز بنا کر ظہیر خان کے گیند پر بولڈ ہوئے۔

بھارت کی ٹیم: مہندر سنگھ دھونی، وریندر سہواگ، گوتم گھمبیر، راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن، سریش رائنا، ہربھجن سنگھ، سری سانتھ، ظہیر خان اور پرگیان اوجھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم: برینڈن مکلم، ٹی جی میکنٹاش، بی جے واٹلنگ، راس ٹیلر، جیسی رائیڈر، کین ولیمسن، ڈینئل وٹوری، جے جی ہاپکنز، جے ایس پٹیل، ایچ کے بینٹ، سی ایس مارٹن۔

اسی بارے میں