پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم فائنل میں

فائل فوٹو، پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم
Image caption پاکستان نے باسٹھ رنز کا ہدف دس اعشاریہ چار اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا

چین کے شہر گوانگ زو میں جاری ایشن گیمز میں خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان جاپان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

گولڈ میڈل کے لیے جمعہ کو فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا جس نے سیمی فائنل میں چین کو شکست دی ہے۔

جمعرات کو سیمی فائنل میں جاپان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر اکسٹھ رنز بنائے۔

جاپان کی جانب سے ایما کیوربیاشی نے چوبیس رنز بنائے۔ انہوں نے نیپال کے خلاف ہاف سنچری سکور کی تھی۔

پاکستان نے باسٹھ رنز کا ہدف دس اعشاریہ چار اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستان کی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی جاوریا ودود تھیں جنھوں نے انتیس رنز بنائے۔

ندا راشد نے انتیس گیندوں پر ستائیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے چین کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔

چین نے پہلے کھیلتے ہوئے سولہ اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف چونتیس رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے چھ اعشاریہ پانچ اوورز میں پینتیس رنز بنا کر میچ نو وکٹوں سے جیت لیا۔

کانسی کے تمغے کے لیے چین اور جاپان کے مابین مقابلہ ہو گا۔

اسی بارے میں