بھارت نے ٹیسٹ سیریز جیت لی

Image caption ایشانت شرما اور ہربھجن سنگھ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں

ناگپور میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور ایک سو اٹھانوے رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

نیوزی لینڈ کو بھارت کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے تین سو تہتر رن درکار تھے تاہم اس کی پوری ٹیم میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں ایک سو پچھہتر رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ایک سو ترانوے رن بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ سو چھیاسٹھ رنز بنا ڈالے تھے۔

بھارتی اننگز کی خاص بات راہول ڈراوڈ کی سنچری تھی۔ انہوں نے ایک سو اکانوے رنز کی شاندار اننگر کھیلی۔

Image caption راہول ڈراوڈ نو رن کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے

اس کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی، سچن تندولکر، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ نے اپنی ٹیم کے لیے نصف سنچریاں بنائیں۔ کپتان دھونی صرف دو رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے تھے۔

دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کا آغاز ایک مرتبہ پھر اچھا نہ تھا اور اڑتیس رن پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں سے بھی کوئی قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم ایک سو پچھہتر رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ اور ایشانت شرما نے تین تین جبکہ پرگیان اوجھا اور سریش رائنا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ احمد آباد اور دوسرا حیدرآباد میں کھیلا گیا تھا اور یہ دونوں میچ بےنتیجہ رہے تھے۔

اسی بارے میں