انگلینڈ کا اچھا آغاز، سٹروس کی سینچری

سٹروس اور کک

برسبن میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سٹروس نے سینچری مکمل کی۔

سٹروس نے 88پندرہ چوکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی جبکہ کُک نے 55 رن سکور کیے ہیں۔

اس سے قبل تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے انیس رن بنائے تھے۔

جب کھیل ختم ہوا تو الیسٹر کک اور انگلش کپتان اینڈریو سٹراس کریز پر موجود تھے اور انگلینڈ کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید دو سو دو رن درکار ہیں۔

تفصیلی سکور کارڈ

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو اکیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے پہلی اننگز میں انگلینڈ پر دو سو اکیس رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

آسٹریلوی اننگز کی خاص بات مائیکل ہسی اور بریڈ ہیڈن کی شاندار سنچریاں تھیں۔ ہسی ایک سو پچانوے جبکہ ہیڈن ایک سو چھتیس رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے تین سو سات رن کی ریکارڈ پارٹنر شپ ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹیو فن نے ایک سو پچیس رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز اینڈرسن اور گریم سوان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا تھا اور پیٹر سڈل کی تباہ کن بالنگ کی وجہ سے انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف دو سو ساٹھ رنز بنا سکی تھی۔

پیٹر سِڈل چھ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب آسٹریلوی بولر رہے۔ ان کی چھ وکٹوں میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم: سٹراس، کک، ٹروٹ، پیٹرسن، کولنگ وڈ، بیل، پرائر، بروڈ، سوان، اینڈرسن اور فنِ۔

آسٹریلیا کی ٹیم: کیٹچ، واٹسن، پونٹنگ، کلارک، ہسی، نورتھ، جانسن، سِڈل، ہلفنہاس اور دوہٹری

اسی بارے میں