ایڈیلیڈ ٹیسٹ: پیٹرسن کی ڈبل سنچری

کیون پیٹرسن
Image caption کیون پیٹرسن نے دو سو تیرہ رنز بنائے ہیں اور اب بھی کریز پر موجود ہیں

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے دو سو پینتالیس رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پانچ سو اکیاون رنز بنائے ہیں۔

انگلینڈ کو آسٹریلیا پر تین سو چھ رنز کی سبقت حاصل ہے اور اُس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ کے کیون پیٹرسن دو سو تیرہ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

انھوں نے اکتیس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ڈبل سنچری سکور کی۔ ان کے ساتھ کریز پر اکتالیس رنز پر ایئن بیل موجود ہیں۔

میچ کے تیسرے دن آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کک اور پال کولنگ وڈ تھے۔

کک نے اٹھارہ چوکوں کی مدد سے ایک سو اڑتالیس رنز بنائے اور ہیرس نے انھیں آؤٹ کیا۔

کک اس سیریز میں اب تک اس سنچری کے علاوہ ایک ڈبل سنچری اور ایک نصف سنچری بھی بنا چکے ہیں۔

پال کولنگ وڈ نے بیالیس رنز بنائے اور واٹسن نے انھیں آؤٹ کیا۔

میچ کے اختتام پر انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر پانچ سو اکیاون رنز بنائے تھے۔

ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جا رہے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انگلش بولروں کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی اور دو سو پینتالیس رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کے شہر برسبن میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

آسٹریلیا کی ٹیم: سائمن کیٹچ، شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، مارکس نارتھ، پیٹر سِڈل، دوہٹری، بریڈ ہیڈن، ہیرس اور ڈگ بولنجر

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، ایلسٹر کک، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، پال کولنگ وڈ، ایئن بیل، میتھیو پرائر، سٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن اور سٹیو فنِ۔

اسی بارے میں