انگلینڈ کی اننگز اور اکہتر رنز سے جیت

Image caption گریم سوان نے اکانوے رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز انگینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کو تین سو چار پر آؤٹ کر کے ایک اننگز اور اکہتر رنز سے کامیابی حاصل کی۔

منگل کے روز جب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید ایک سو سینتیس رنز درکار تھے جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

لیکن آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی انگلش بالنگ کا اعتماد سے مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم تین سو چار رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی طرف سے گریم سوان نے سب سے اچھی بالنگ کی اور اکانوے رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل ہسی تھے جو باون رنز بنا کر فِن کی گیند پر جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیڈن کھیلنے کے لیے آئے، لیکن جب آسٹریلیا کا سکور دو سو چھیاسی پر پہنچا تو بریڈ ہیڈن اور ریان ہیرس جیمز اینڈرسن کی دو مسلسل گیندوں پر آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ بھی اسی سکور پر گری جب مارکس نارتھ بائیس رنز بنا گریم سوان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ آسٹریلیا کی آخری دو وکٹیں بھی گریم سوان نے ہی حاصل کیں۔

پیر کے روز آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی مائیکل کلارک تھے جو اسّی رنز بنا کر چوتھے دن کے آخری اوور میں کیون پیٹرسن کی گیند پر السٹیئر کک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے تھے۔

چوتھے دن انگلینڈ کی جانب سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر چھ سو بیس رن کے سکور پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کے بعد جب آسٹریلیا نےاپنی دوسری اننگز شروع کی تو اوپنرز نے ٹیم کو چوراسی رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اس سکور پر سائمن کیٹچ تینتالیس کے انفرادی سکور پر گریم سوان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے آسٹریلوی اوپنر شین واٹسن نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری مکمل کی، انہیں ستاون کے سکور پر سٹیو فن نے آؤٹ کیا۔

Image caption کیون پیٹرسن نے دو سو ستائیس رنز بنائے

آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف نو رن بنا سکے، انہیں بھی گریم سوان نے آؤٹ کیا۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انگلش بولروں کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی اور دو سو پینتالیس رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

آسٹریلیا کے شہر برسبن میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

آسٹریلیا کی ٹیم: سائمن کیٹچ، شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، مارکس نارتھ، پیٹر سِڈل، دوہٹری، بریڈ ہیڈن، ہیرس اور ڈگ بولنجر

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، ایلسٹر کک، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، پال کولنگ وڈ، ایئن بیل، میتھیو پرائر، سٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن اور سٹیو فنِ۔

اسی بارے میں