ایشز: آسٹریلوی سکواڈ میں چار تبدیلیاں

مائیکل بیئر فائل فوٹو
Image caption مائیکل بیئر نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر میں اب تک سولہ وکٹیں حاصل کی ہیں

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے سولہ دسمبر سے شروع ہونے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے لیے اپنے سکواڈ میں چار تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔

ان تبدیلیوں میں سے سب سے حیران کن لیفٹ آرم سپنر مائیکل بیئر کی ٹیم میں شمولیت ہے۔

مائیکل بیئر جنہوں نے صرف پانچ فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں، بارہ کھلاڑیوں کے سکواڈ میں لیگ سپنر سٹیو سمتھ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔مائیکل نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئر میں اب تک سولہ وکٹیں حاصل کی ہیں

تیسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی سکواڈ میں شامل کیے جانے والے دیگر کھلاڑیوں میں فاسٹ بالر بِن ہلفنہاس اور مچل جانسن شامل ہیں جنہیں ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا جبکہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اوپنر فل ہیوز زخمی سائمن کیٹچ کی جگہ لیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز کی شکست کی ہزیمت اٹھانے والی ٹیم سے مارکس نارتھ، ڈگ بولنجر اور دوہٹری کو نکال دیا گیا ہے۔

پرتھ میں سولہ دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں مارکس نارتھ کی جگہ کسی بھی دوسرے بلے باز کو منتخب نہ کیے جانے کے باعث لیگ سپنر سٹیو سمتھ کی شرکت بھی یقینی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں چار فاسٹ بالرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے شہر برسبن میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسڑیلیا کو ایک اننگز اور اکہتر رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں