ورلڈ کپ: پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مہلت

پاکستانی کرکٹ کھلاڑی
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نام پانچ جنوری تک بھیجنے کی مہلت مانگی تھی

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مہلت دے دی ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے ممکنہ تیس کھلاڑیوں کے نام پانچ جنوری تک بھیج سکتا ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان نے بی بی سی سے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام پانچ جنوری تک بھیجنے کے لیے مہلت مانگی تھی جو اسے دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کھیلنے والے ممالک کو اپنے ابتدائی تیس کھلاڑیوں کے نام انیس دسمبر تک آئی سی سی کو بھیجنے ہیں لیکن بعض کھلاڑیوں کی کلیئرنس کے معاملے پر پریشان پاکستان کرکٹ بورڈ دو روز تک سلیکشن کمیٹی اور انٹیگریٹی کمیٹی کے طویل اجلاسوں کے بعد بھی ورلڈ کپ کے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دے سکا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم منتخب کرنے کا معاملہ سلیکشن کمیٹی کے باہمی اختلافات کے سبب بھی پیچیدہ بنا ہوا ہے۔

اوپنر عمران فرحت کے خسر سلیکٹر محمد الیاس نے چند روز قبل ٹیم میں فواد عالم کی شمولیت پر چیف سلیکٹر محسن خان سے اختلافات کی بناء پر استعفی دے دیا تھا لیکن پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے ان کا استعفی منظور نہیں کیا۔

خیال ہے کہ محمد الیاس اپنے آؤٹ آف فارم داماد کو ٹیم میں نہ رکھنے پر بھی خوش نہیں ہیں۔

اسی بارے میں