جنوبی افریقہ نے بھارت کو ہرا دیا

Image caption ڈیل سٹین نے چار بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

جنوبی افریقہ نے بھارت کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور پچیس رنز سے شکست دے دی ہے۔

سنچورین میں کھیلے گئے اس میچ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں جو اس نے ابتدائی سیشن میں ہی حاصل کر لیں۔

بھارت کی جانب سے سچن تندولکر ایک سو گیارہ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کی پچاسویں ٹیسٹ سنچری تھی اور وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

اسی اننگز کے دوران سچن تندلکر نے اپنے ٹیسٹ کیرئر کے ساڑھے چودہ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

پانچویں دن جب کھیل شروع ہوا تو بھارت کی جانب سے تندولکر اور سریسانت نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی۔ جب بھارت کا سکور چار سو چھپن پر پہنچا تو سریسانت مورنی مورکل کی گیند پر ڈی ویلیئرز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

Image caption سچن تندلکر نے اپنی پہلی سینچری انگلینڈ کے خلاف سن انیس سو نوے میں بنائی تھی

بھارت کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی جے انادکت تھے جنہیں ڈیل سٹین نے ایک کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوا دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ مورنی مورکل اور پال ہیرس بھی دو دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف ایک سو چھتیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں ژاک کیلس کی ڈبل سنچری اور ہاشم آملہ کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز چار وکٹوں کے نقصان پر چھ سو بیس رن بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

تین میچوں کی اس سیریز میں اب جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور سیریز کا دوسرا میچ ڈربن میں چھبیس دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں