پونٹنگ آخری ایشز ٹیسٹ سے باہر

Image caption پونٹنگ کی جگہ مائیکل کلارک کپتانی کریں گے

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ انگلی میں تکلیف کی وجہ سے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔

رکی پونٹنگ کی انگلی تیسرے ٹیسٹ کے دوران ٹوٹ گئی تھی اور انہوں نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں ٹوٹی انگلی کے ساتھ ہی شرکت کی تھی۔

تاہم آسٹریلوی کرکٹ سے متعلقہ حکام کے مطابق بدھ کو کیے جانے والے ایکسرے میں اس انگلی کو ہونے والا مزید نقصان سامنے آیا جس کے بعد پونٹنگ کی اگلے ٹیسٹ میں شرکت ناممکن ہوگئی۔

پونٹنگ کی جگہ قیادت کے فرائض نائب کپتان مائیکل کلارک سرانجام دیں گے جبکہ پونٹنگ کی جگہ ٹیم میں عثمان خواجہ کو شامل کیا گیا ہے جو اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔

حالیہ ایشز سیریز میں رکی پونٹنگ کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی ہے اور سیریز میں انگلینڈ کی ناقابلِ شکست برتری کے بعد ان کی قیادت پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔

انہیں ایشز کے چوتھے ٹیسٹ میں امپائر علیم ڈار سے بحث کرنے پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ بھی ہوا تھا۔

انگلینڈ نے میلبرن میں چوتھے ایشز ٹیسٹ میں اننگز سے فتح کی بدولت چوبیس سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ایشز ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا تھا۔ آسٹریلیا اب پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں فتح حاصل کر کے یہ سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گا۔

اسی بارے میں