کمبلے آئی پی ایل میں نہیں کھیلیں گے

انل کمبلے
Image caption انل کمبلے کا شمار ایک بے حد کامیاب کھلاڑی کے طور پر ہوتا ہے

بھارتی کرکٹ کے سابق کپتان انیل کمبلے نے اس ہفتے انڈین پریمیئر لیگ کے لیے ہونے والی کھلاڑیوں کی نیلامی کی فہرست سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے انہوں نے اپنے کاروبار کی دیکھ بھال اور دیگر ذمہ داریوں کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا ہے۔

لیگ سپنر انیل کمبلے آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان کے طور پر دو آئی پی ایل ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں۔

2009 میں رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی تھی اور ٹیم کی بہتر کارکردگی کا سہرا انل کمبلے کے سر سجا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے انیل کمبلے نے2008 میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

کمبلے نے ایک بیان میں کہا ہے ’اس ماہ کی سات اور آٹھ تاریخ کو آئی پی ایل کے کھلاڑیوں کی جو نیلامی ہونی ہے اس سے میں اپنا نام واپس لینا چاہتا ہوں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا ’میں نے ابھی تک جو آئی پی ایل کی ٹورنامنٹ کھیلے اس کا بھرپور مزہ لیا ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل میں نہ کھیلنے کی وجہ بزنس کے علاوہ بعض ذمہ داریاں ہیں۔

کمبلے اپنی آبائی ریاست کرناٹک کی کرکٹ اکادمی کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داری بھی جلد سنبھالنے والے ہیں۔

اسی بارے میں