آئی پی ایل کے چوتھے سیزن کے لیے نیلامی

گوتم گمبھیر
Image caption گوتم گمبھیر سب سے مہنگے کھلاڑی ثات ہوئے

انڈین پریمیئر لیگ کے چوتھے سیزن کے لیے بنگلور شہر میں کھلاڑیوں کی نیلامی ہورہی ہے جس میں گوتم گمبھیر سب سے مہنگے داموں پر بکے ہیں۔

بھارتی ٹیم کے اوپنگ بیٹسمین گوتم گمبھیر کو شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نےگيارہ کروڑ چار لاکھ روپے میں خریدا ہے۔

گوتم گمبھیر کی شروعاتی قیمت بانوے لاکھ ڈالر تھی لیکن مختلف ٹیموں کی دلچسپی سے ان کی قیمت برھتی گئی اور بالآخر کولکتہ کی ٹیم نےانہیں خریدا۔

نیلامی کا عمل ابھی جاری ہے جو اتوار کے روز ختم ہوگی۔

پہلے روز گمبھیر کے علاوہ مہنگے بکنے والے کھلاڑیوں میں یوسف پٹھان اور روبن اتھپّا بھی ہیں جو تقریباً دس دس کروڑ روپے میں خریدے گئے۔

Image caption کولکتہ نے یوسف پٹھان کو نوکروڑ ساٹھ لاکھ روپے میں خریدا

پٹھان کو بھی کولکتہ نائٹ رائڈر نے خریدا جبکہ اتھپّا کو نئی ٹیم سہارا پونے واریئر نے لیا ہے۔ روہت شرما کو بیس لاکھ ڈالر یعنی تقریبا نو کروڑ روپے میں ممبئی کی ٹیم نے خریدا ہے۔

یوسف پٹھان کے بھائی عرفان پھٹان پر بھی اس بار بہت زبردست بولی لگی اور بالآخر ڈیلی ڈيئر ڈیولز نے انہیں تقریبا ساڑھے آٹھ کروڑ روپے میں لیا۔

اس کے علاوہ جن کھلاڑیوں پر زیادہ پیسے لگے اس میں جنوبی افریقہ کے ژاک کلیس ہیں جنہیں کولکتہ کی ٹیم نے تقریباً پانچ کروڑ روپے میں لیا ہے۔ نیلامی کے ابتدائي دور میں شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈین اور بنگلور کی ٹیم نے سب سے اہم کھلاڑیوں پر بولیاں لگائيں اور کئی مہنگے کھلاڑی خریدے۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز ای بی ڈیویلیئر، فاسٹ بولر ظہیرخان اور نیوزی لینڈ کے ڈنیل وٹوری کو بنگلور رائل چیلنجرز نے باالترتیب ساڑھے پانچ، سوا چار اور پونے تین کروڑ روپے میں لیا ہے۔

راجستھان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے سپنر جان بوتھا اور نیوزی لینڈ کے بلے باز روز ٹیلر کو چار کروڑ ساٹھ ساٹھ ہزار روپے میں خریدا ہے۔

راہول ڈرواڈ کو سوا دو کروڑ میں راجستھان رائلز نے خریدا جبکہ ایڈم گلکرسٹ کو کنگز الیون پنجاب نے سوا چار کروڑ میں لیا۔ اینڈریو سیئمنڈ کو ممبئی کی ٹیم نے تین کروڑ نوے لاکھ جبکہ کمار سنگاکارہ کو ڈیکن چارجرز نے سوا تین کروڑ میں لیا ہے۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس بار سورو گنگولی، برائن لارا، ہرشل گبز اور کرس گیل جیسے کھلاڑیوں پر کسی بھی ٹیم نے بولی نہیں لگائي اور وہ ابھی بکے نہیں ہیں۔

سچن تندولکر، شین وارن، واٹسن، وریندر سہواگ اور مہندر سنگھ دھونی جیسے کھلاڑیوں کو ان کی ٹیموں نے برقرار رکھا تھا۔

سنیچر کے روز تقریباً چار درجن کھلاڑیوں کی بولی لگی ہے اور یہ سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہیگا۔ اس بار آئي پی ایل میں دو مزید کوچی اور پونے کی ٹیمیں شامل ہوئی ہیں اور اب اس میں دس ٹیمیں حصہ لیں گي۔

اسی بارے میں