کامران اکمل واپس، یوسف آؤٹ

شاہد آفریدی
Image caption ورلڈ کپ کےلیے بھی شاہد شاہد آفریدی ہی کو کپتانی سونپے جانےکا امکان ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو کپتان برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل ایک بار پھر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں لیکن تجربہ کار بیسٹمین محمد یوسف ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔

سلیکٹروں نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے۔

کراچی سے بی بی سی کے عبد الرشید شکور نے بتایا ہے کہ بورڈ نے غالباً شاہد آفریدی کے حالیہ بیانات سے اظہار ناراضگی کے طور پر مصباح الحق کو نائب کپتان بنا کر انہیں ایک پیغام بھی دینے کی کوشش کی ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شاہد آفریدی ( کپتان) محمد حفیظ، کامران اکمل، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عمراکمل، عبدالرزاق، عبدالرحمن، سعید اجمل، شعیب اختر، عمرگل، وہاب ریاض، سہیل تنویر، تنویراحمد اور احمد شہزاد۔

واضح رہے کہ پاکستان کے چند سابق کرکٹرز گزشتہ چند دنوں سے مصباح الحق کو کپتان بنانے کے مطالبے کے ساتھ سامنے آئے ہیں لیکن بیشتر مبصرین کا یہ کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی کو کپتان نہ بنانا اور خاص کر مصباح الحق کو یہ ذمہ داری سونپنا دانش مندی نہیں ہوگی۔

مصباح الحق اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے پہلا ٹیسٹ بھی جیتا ہے۔ اس سے قبل ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دونوں ٹیسٹ ڈرا کیے تھے۔

ون ڈے میں مصباح الحق کی موجودہ کارکردگی مایوس کن رہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں وہ شامل کیےگئے لیکن دو مایوس کن اننگز کے بعد وہ ڈراپ کردیئے گئے تھے۔

سلیکٹرز نے جس سولہ رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں مِڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف شامل نہیں ہیں جو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ان فٹ ہوگئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش میں لیگ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔

کپتان شاہد آفریدی ورلڈ کپ میں محمد یوسف کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کے حق میں ہیں لیکن سلیکٹرز کی رائے مختلف ہے۔

مبصرین کے خیال میں نیوزی لینڈ کے خلاف اعلان کردہ ٹیم ہی ورلڈ کپ کھیلے گی جس میں سے صرف ایک کھلاڑی ڈراپ ہوگا جو تنویراحمد یا سہیل تنویر ہوسکتے ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بائیس جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں