ویلنگٹن: پاکستان،ایک سو چونتیس پر دو آؤٹ

Image caption اظہر علی نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے باسٹھ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ ہیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویلنگٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چونتیس رنز بنا لیے ہیں۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم 356 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اتوار کو میچ کے دوسرے روز پاکستان کو پہلا نقصان دو رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ ایک رن بنا کر سودی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ٹیسٹ میچ کا پہلا دن تصاویر میں

تاہم بعد میں توفیق عمر اور اظہر علی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مجموعی سکور کو ایک سو چونتیس رنز پر پہنچا دیا۔

ایک سو چونتیس پر توفیق عمر ستر رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس وقت اظہر علی باسٹھ رنز پر کھیل رہے ہیں۔

سنیچر کو میچ کے پہلے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چھیالیس رنز بنائے تھے۔

Image caption عمر گل نے چار وکٹیں حاصل کیں

پاکستان کی جانب سے 87 رنز دے کر چار، تنویر احمد نے 93 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ رحمان نے دو اور ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے نمایاں بلے باز راس ٹیلر رہے، انہوں نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اٹھہتر رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز فرینکلن رہے، انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے تینتیس رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے چار، تنویر احمد نے تین جبکہ وہاب ریاض نے ایک اور عبدالرحمان نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

ہیملٹن میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ ٹیم: گپٹل، میککلم، ولیمسن، ٹیلر، رائیڈر، فرینکلن، ینگ، ویٹوری، سودی، آرنل اور مارٹن۔

پاکستان ٹیم: محمد حفیظ، عمر، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، شفیق، عدنان اکمل، رحمان، عمر گل، تنویر احمد اور ریاض۔