واٹسن کی دھنا دھن، آسٹریلیا کی جیت

Image caption شین واٹسن نے بارہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ایک سو اکسٹھ رنز بنائے

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے چھ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے دو سو پچانوے رنز کا ہدف دیا تھا جو آسٹریلیا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی جانب سے واٹسن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو پچاس گیندوں پر بارہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ایک سو اکسٹھ رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔

دوسرے کامیاب کھلاڑیوں میں ہائیڈن اور کلارک شامل تھے جنھوں نے بلترتیب انتالیس اور چھتیس رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بریسنن نے دو جبکہ شہزاد اور گریم سوان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے آسٹریلوی شہر ملبورن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ کی ساری ٹیم انچاس اعشاریہ چار اوورز میں دو سو چورانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے نمایاں بلے باز پیٹرسن رہے جنھوں نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے پچہتر گیندوں پر اٹھہتر رنز بنائے اور جونسن کی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بالر لی، ہسی، جونسن اور سمتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بولنجر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر رہی تھی۔

سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کا اگلا میچ اکیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں