ورلڈکپ:آسٹریلوی سکواڈ کا اعلان

رکی پونٹنگ
Image caption رکی پونٹنگ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے

آسٹریلوی کرکٹ حکام نے انیس فروری سے جنوبی ایشیا میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم اکیس فروری کو زمبابوے کے خلاف میچ سے اپنے اعزاز کے دفاع کی مہم شروع کرے گی۔

آسٹریلیا 1999 سے ان مقابلوں کو جیتتا چلا آ رہا ہے تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کی ملی جلی کارکردگی نے اس مرتبہ ان کی کامیابی کے امکانات پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

سپنرز کو مدد دینے کے لیے مشہور جنوبی ایشیائی پچز پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے آسٹریلوی سکواڈ میں صرف ایک باقاعدہ سپنر ناتھن ہارٹز شامل ہیں جبکہ ان کی مدد سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ ہسی جیسے جز وقتی بولر کریں گے۔

سپن بولنگ کے برعکس فاسٹ بولنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کو بریٹ لی، شان ٹیٹ، مچل جانسن اور ڈگ بولنجر کی خدمات حاصل ہوں گی۔ حالیہ ایشز سیریز کے دوران ہیٹ ٹرک کرنے والے پیٹر سڈل اس سکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔

آسٹریلوی سلیکٹرز نے ٹیم میں دو زخمی کھلاڑیوں کپتان رکی پونٹنگ اور بلے باز مائیکل ہسی کو بھی شامل کیا ہے۔ پونٹنگ کی انگلی میں فریکچر ہے جبکہ ہسی ہیمسٹرینگ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ تاہم امید کی جا رہی ہے کہ آسٹریلیا کے اہم میچز سے قبل یہ دونوں فٹ ہو جائیں گے۔

سکواڈ میں ایک نیا نام آل راؤنڈر جان ہیسٹنگز کا ہے جو آسٹریلیا کی مقامی کرکٹ میں وکٹوریا کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

آسٹریلوی سکواڈ: شین واٹسن، بریڈ ہیڈن، رکی پونٹنگ(کپتان)، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، ڈیوڈ ہسی، کیمرون وائٹ، ٹم پین، سٹیون سمتھ، جان ہیسٹنگز، مچل جانسن، ناتھن ہارٹز، بریٹ لی، شان ٹیٹ، ڈگ بولنجر

اسی بارے میں