ملنگا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں

ملنگا تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ملنگا اپنے منفرد بالوں اور منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ سے کافی مقبول کھلاڑی ہیں

سری لنکا کے تیز بولر لستھ ملنگا نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں تاکہ وہ زیادہ عرصے تک ایک روزہ اور ٹی20 میچز کھیل سکیں۔

خیال ہے کہ اس طرح وہ 2015 میں ہونے والے ورلڈ کپ تک کھیلنا چاہیں گے۔

ملنگا سے سری لنکا بورڈ ناراض ہے کیونکہ انہوں نے گھٹنے کی چوٹ کا کہہ کر انگلینڈ کے دورے پر جانے سے تو انکار کر دیا لیکن وہ انڈیا میں ہونے والا آئی پی ایل ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔

تاہم ان کا اصرار ہے کہ ان کا گھٹنہ ایک روزہ اور بیس اوورز کا میچ تو برداشت کر سکتا ہے لیکن پانچ روزہ ٹیسٹ میچ برداشت کرنا اس کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچز کے انتہائی دباؤ سے چوٹ مستقل ہو سکتی ہے۔

اپنے منفرد بھورے بالوں اور بولنگ کے ’سلنگ‘ (آدھے بازو کو گھمانا) ایکشن کی وجہ ملنگا بین الاقوامی کرکٹ کا ایک جانا مانا نام ہیں۔

دائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے 27 سالہ کھلاڑی نے دسمبر 2007 سے اب تک صرف دو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ لیکن انہوں نے ایک روزہ اور 20۔20 میچوں میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ ورلڈ کپ میں انہوں نے کل 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنا آخری ورلڈ کپ میچ کھیل لیا ہے۔ لیکن گزشتہ جمعہ کو انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ میں ایک روزہ میچ اور ٹی 20 کھیلنے کے لیے کافی حد تک فٹ ہوں، لیکن میرے گھٹنے میں ایک ایسی بیماری ہے جس کی متواتر دیکھ بھال کرنا بہت ضروری ہے۔‘

اسی بارے میں